ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس؛ آپسی اتحاداوراجتماعیت کی اہمیت پرخطیب جامع مسجد مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی کا پرزور بیان

بھٹکل جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس؛ آپسی اتحاداوراجتماعیت کی اہمیت پرخطیب جامع مسجد مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی کا پرزور بیان

Sun, 19 Mar 2017 01:43:43    S.O. News Service

بھٹکل 18/ مارچ (ایس او نیوز) جو کام مل جل کر کیا جاتا ہے، اللہ کی مدد شامل حال رہتی ہے اور جس کام میں اللہ کی مدد شامل ہوجائے تو وہ مشن کامیاب ہوتا ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا کہ اللہ کے بندو بھائی بھائی بن کررہو، آپس میں اختلاف مت پیدا کرو، آپس میں لڑائی جھگڑا مت کرو، اگر ایسا کیا تو تم ناکام ہوجائوگے اور تمہاری ہوا اُکھڑ جائے گی، یہ پُرزور خطاب جامع مسجد بھٹکل کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے کیا۔ وہ یہاں جماعت المسلمین بھٹکل کے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر خطاب فرمارہے تھے، یہ اجلاس جمعہ بعد نماز عشا بھٹکل جامع مسجد میں منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں مولانا نے کہا کہ  جب جب بھی مسلمانوں میں اتحاد ٹوٹا؛  جب جب مسلمانوں کے درمیان  انتشار پیدا ہوا،  اللہ کی مدد دور ہوگئی،  دشمن مسلمانوں پر غالب آگئے۔ جب مسلمان تھوڑے تھے،متحد تھے تو  پوری دنیا میں غالب آگئے تھے۔ مولانا نے آگے کہا کہ آج مسلمانوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ پرانے لوگ اس کا تصور بھی نہیں کرسکتے ، لیکن آج ہمارے انتشار کی وجہ سے مسلمان زیادہ تعداد میں ہونے کے بائوجود ، وسائل ہونے کے بائوجود، ان کی حکومتیں ہونے کے بائوجود، مسلمان ذلیل ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہیہے کہ مسلمانوں  کا اتحاد ختم ہوگیا ہے۔ مولانا نے مسلمانوں کواپنے آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر آپس میں اتحاد اور اتفاق قائم کرنے پر زور دیا اور مسلمانوں کو دوبارہ متحد ہونے اور ایک اُمت ہوکرمضبوط طاقت بن کر اُبھرنے کی طرف متوجہ کرایا۔

اس موقع پر جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو نے بھی اپنے خطاب میں مسلمانوں کی اجتماعیت پر زور دیتے ہوئے اُترپردیش میں ہوئے انتخابات کا حوالہ دیا اور بتایا کہ کس طرح وہاں  مسلمانوں میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ تقسیم ہوئے اوردشمنوں نے مسلمانوں کے اندر پائے  جانے والے اختلافات کا کس طرح فائدہ اُٹھایا۔

اجلاس کا آغاز حفیظ عُمیر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، مولوی ابوبکر تونسے نے نعت پیش کی، مولوی شفیع ملپا نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے جماعت کی اہمیت اور جماعت المسلمین کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اجلاس میں مولوی عبداللہ کریکال ندوی نے جنرل سکریٹری مولوی طلحہ رکن الدین ندوی کی غیر موجودگی میں اُن کی ہدایت پر سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی، جس میں جماعت المسلمین کی مختلف کمیٹیوں کی جانب سے کئے گئے کاموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی تھی۔جماعت کے محاسب مولوی محمد حُسین جوکاکو ندوی نے سالانہ حساب کتاب پیش کیا، جس کے بعد ممبران کے لئے سوالات و جوابات کا وقفہ رہا، کئی ممبران نے سوالات کئے جن کے تسلی بخش جوابات دئے گئے،  اس موقع پر جماعت کو مزید فعال بنانے کے تعلق سے بھی ممبران نے  صلاح و مشوروں  سے نوازا۔ گلف کے ذمہ داران میں جناب یاسین عسکری اور جیلانی شاہ بندری نے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ان کے علاوہ  جماعت کے دیگر ذمہ داران بالخصوص ایس جے ہاشم، محتشم عبدالرحمن جان وغیرہ نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔

صدارتی خطاب کرتے ہوئے جماعت کے صدر جناب ماسٹر ایس پی شفیع نے مسلمانوں کو  متحد ہونا ضروری قرار دیا،ساتھ ساتھ بزرگوں اور علمائوں کا ادب کرنے اور فرائض کی ادائیگی ٹھیک طرح سے ادا کرنے پر بھی  زور دیا۔ جناب شفیع صاحب نے جماعت کے کام کرنے والوں کی قدر کرنے اور اُن کی ہمت آفزائی کرنے کی بھی تاکید کی اور کہا کہ  بھٹکل کے تمام اداروں میں جو لوگ  اپنے طور پر جس طرح کی بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، اُن کے کاموں کی سراہنا کریں ، اُن کے ساتھ تعائون کریں اور کام کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے اپنے اپنے طور پر کام کررہے ہیں، بہت سارا کام ہورہا ہے، ہمیں چاہئے کہ کام کرنے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔

مولوی عبدالنور فکردے ندوی نے بہترین انداز میں پورے اجلاس کی نظامت کی۔ جلسہ میں کافی بڑی تعداد میں حاضرین موجود تھے۔


Share: